برسلز (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں آج اتوار کے روز ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ یہ عوامی ریلا غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور قابض اسرائیل کی جاری جارحیت کے خلاف ایک عظیم مظاہرہ تھا۔
نامہ نگاروں کے مطابق 200 سے زائد تنظیموں اور اداروں کی اپیل پر یہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شرکاء نے سرخ کارڈ اٹھا رکھے تھے جو قابض اسرائیل کی درندگی، بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے زور دیا کہ قابض اسرائیل پر فوری طور پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں اور غزہ پر مسلط جنگ بند کرائی جائے۔
یاد رہے کہ سات اکتوبر سنہ2023ء سے قابض اسرائیل غزہ کی پٹی پر بدترین نسل کشی کر رہا ہے جس میں قتل و غارت، بھوک اور پیاس مسلط کرنا، بستیوں کو اجاڑنا اور لاکھوں فلسطینیوں کو جبری طور پر بے گھر کرنا شامل ہے۔ یہ سب کچھ عالمی مطالبات اور عالمی عدالت انصاف کے احکامات کو روندتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔
قابض اسرائیل کی اس وحشیانہ نسل کشی کے نتیجے میں اب تک دو لاکھ چھبیس ہزار سے زائد افراد یا تو شہید ہو چکے ہیں یا زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثریت معصوم بچوں اور خواتین کی ہے۔ اس کے علاوہ نو ہزار سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں، لاکھوں افراد دربدر اور قحط کی لپیٹ میں ہیں جبکہ وسیع پیمانے پر تباہی اور بربادی نے غزہ کو ملبے کے ڈھیر میں بدل دیا ہے۔