مقبوضہ بیت المقدس (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) مقبوضہ بیت المقدس میں آج صبح فلسطینی مجاہدین کی جانب سے ایک جرات مندانہ فدائی کارروائی کے دوران 4 صہیونی ہلاک اور کم از کم 15 زخمی ہوئے جبکہ کارروائی کے دونوں جانباز جام شہادت نوش کر گئے۔
نامہ نگاروں کے مطابق یہ کارروائی القدس کے مقبوضہ علاقے میں راموت چوک کے قریب ایک بس پر کی گئی۔ صہیونی ذرائع ابلاغ نے اعتراف کیا ہے کہ دو فلسطینی مجاہدین نے بس میں سوار ہو کر اندر موجود صہیونیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
قابض اسرائیلی میڈیا نے قیاس ظاہر کیا ہے کہ یہ دو ہرا فدائی حملہ تھا۔ حملہ آور رام اللہ کے علاقے سے القدس پہنچے تھے تاکہ اپنی قوم کے خون کے بدلے صہیونی دشمن کو سبق سکھا سکیں۔
قابض اسرائیل کی ریڈ اسٹار آف ڈیوڈ نامی سکیورٹی و ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ زخمیوں کی تعداد کم از کم 15 ہے جن میں 5 کی حالت نہایت نازک اور 3 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر کو معمولی زخم آئے ہیں۔
اسی دوران قابض اسرائیل کے ہسپتال شعاریہ تصدق نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے پاس 7 زخمی لائے گئے جن میں ایک کی حالت نازک ہے، 4 کی حالت خطرناک ہے اور 2 درمیانے درجے کے زخموں کے ساتھ زیر علاج ہیں۔
یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب قابض اسرائیل کی درندگی اور غزہ میں فلسطینی عوام پر اجتماعی قتل عام کے نتیجے میں پوری دنیا میں غم و غصے کی لہر دوڑ رہی ہے۔ آج کی یہ فدائی کارروائی مظلوم فلسطینی عوام کی جانب سے قابض اسرائیل کے جنگی جرائم کا بھرپور جواب ہے۔