غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن )گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں 88 شہدا اور 421 زخمی پہنچائے گئے۔
وزارت صحت نے اتوار کو جاری کردہ اپنے روزانہ کے اعدادوشمار میں بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہسپتالوں میں 30 شہدا اور 166 زخمی ایسے فلسطینی لائے گئے جو امدادی اشیا کے حصول کی کوشش میں قابض اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنے۔
یوں اب تک “لقمہ عیش” یعنی روٹی کی تلاش میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 248 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 16 ہزار 600 سے تجاوز کر چکی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق کئی لاشیں اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑی ہیں جہاں تک نہ ایمبولینسیں پہنچ پا رہی ہیں نہ سول ڈیفنس کے کارکن۔
ادھر گذشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ کے ہسپتالوں نے قحط اور شدید غذائی قلت کے باعث مزید 7 فلسطینیوں کی اموات ریکارڈ کیں جس سے بھوک کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 339 تک پہنچ گئی ہے جن میں 124 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
قابض اسرائیل کے اس مسلسل فوجی عدوان کے نتیجے میں 7 اکتوبر سنہ2023ء سے اب تک غزہ میں شہدا کی تعداد 63 ہزار 459 تک جا پہنچی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 256 تک پہنچ گئی ہے جن میں کئی شدید زخمی ہیں۔
مزید برآں وزارت صحت کے مطابق 18 مارچ سنہ2025ء کو قابض اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی توڑنے کے بعد سے اب تک 11 ہزار 328 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور 48 ہزار 215 زخمی ہوئے ہیں۔