فلسطینی حکومت کے وزیر جیل خانہ جات نے کہا ہے کہ اسرائیلی محبوس فوجی گیلاد شالیت کو تب تک رہائی نہیں ملے گی جب تک ان لوگوں کی شرائط قبول نہیں ہونگی جنہوں نے اسے اپنی حراست میں رکھا ہے۔ محمد الغول بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ ہمیشہ ان لوگوں کی قربانیوں کو یاد رکھیں جو فلسطینی کاز کیلئے جیلوں کی صعو بتیں کاٹ رہے ہیں۔ اسی دوران اسرائیلی جیل سے رہائی پانے والے عبد الناصر فروانہ نے کہا ہے کہ اس وقت 6800 فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں مقید ہیں جن میں 300 بچے،1500بیمار،11ممبران پارلیمنٹ،213 انتظامی حراست والے محبوسین جن پر کوئی مقدمہ نہیں چل رہا ہے، شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں 83%کا تعلق مغربی کنارے ،10.6%کا تعلق غزہ اور باقی کا تعلق بیت المقدس سے ہے۔