غزہ –(مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) اسلامی جہاد کے عسکری ونگ “سرايا القدس” نے اعلان کیا ہے کہ اس نے قابض اسرائیل کی صہیونی کالونی “نیر عام” کو دو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ یہ کارروائی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور اس پر صہیونی یلغار کے جواب میں کی گئی۔
سرايا القدس نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر جاری بیان میں کہا کہ مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کرنے کے جواب میں ہمارے راکٹ یونٹ نے “نیر عام” صہیونی کالونی پر “قدس 3” طرز کے دو راکٹ داغے۔
اس سے قبل بھی سرايا القدس نے شہید ابو علی مصطفی بریگیڈز کے تعاون سے مشرقی غزہ کے علاقے الشجاعیہ میں تلہ المنطار کے اطراف قابض اسرائیلی فوج کے کمانڈ سینٹر پر 60 ملی میٹر مارٹر گولے داغے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سنہ 2023ء سے قابض اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے آغاز کے بعد سے فلسطینی مزاحمتی دھڑے، خصوصاً القسام بریگیڈز، ہر محاذ پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور مختلف محاذوں پر اسے جانی نقصان اٹھانے پر مجبور کر رہے ہیں۔