فلسطینی وزات داخلہ کے ترجمان ایھاب غصین نے فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس کمیٹی ’’اونروا‘‘ کے کیمپوں پر کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ غصین نے ذرائع ابلاغ کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کی وزارت اور اسکے تحت فلسطین کی سیکیورٹی فورسز غزہ کی پٹی کے علاقے ’’ زوایدہ‘‘ میں قائم اونروا کے گرمیوں کے کیمپ کو نذر آتش کرنے کے واقعے کی پوری تحقیق کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کے واقعات کو مسترد کرتے ہیں اور کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ غزہ میں کسی قسم کی افراتفری اور کشیدگی پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عنقریب اس واقعے کے ذمہ دار کی شناخت کر کے اسے عدالت کے کٹہرے میں لے آئیں گے۔