Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

غزہ بلدیہ کی تباہ حال سڑکوں کی بحالی کی کوششیں، محصور شہر کو پھر سے سانس دینے کی جدوجہد

غزہ – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ شہر کی بلدیہ نے مقامی کمیٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اہم مشاورت کے بعد قابض اسرائیل کی تباہ کاریوں سے بند پڑی سڑکوں کو کھولنے اور ملبہ ہٹانے کے لیے ایک ابتدائی منصوبہ تیار کر لیا ہے، تاکہ ممکنہ جنگ بندی کی صورت میں بے گھر شہری اپنے اجڑے علاقوں کو واپس لوٹ سکیں، بالخصوص مشرقی غزہ کے وہ محلے جو صہیونی درندگی کا بدترین نشانہ بنے۔

یہ مشاورتی اجلاس بلدیہ کے گیراج میں منعقد ہوا، جس میں بلدیاتی کونسل کے رکن مصطفی قزعاط، مختلف محلوں کی کمیٹیوں کے نمائندے اور بلدیہ کے ماہرین شریک ہوئے۔ اجلاس میں بلدیہ اور مقامی کمیٹیوں کے درمیان تعاون کے امکانات، بلدیہ کو درپیش ضروریات، وسائل کی کمی، اور نجی شعبے کی شمولیت جیسے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

بلدیاتی رکن مصطفی قزعاط نے واضح کیا کہ بلدیہ کو نہایت سنگین چیلنجز درپیش ہیں، جن میں مشینری اور ایندھن کی شدید قلت، اور وہ ہولناک تباہی شامل ہے جو قابض اسرائیل کی مسلسل بمباری نے غزہ کے شہری ڈھانچے پر مسلط کی ہے۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کی محفوظ واپسی کے لیے بلدیہ اور مقامی کمیٹیوں کے درمیان بھرپور تعاون ناگزیر ہے، اور بلدیہ کی ٹیموں کو درکار وسائل فراہم کرنا پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یہ کام تیزی سے مکمل کیا جا سکے۔

قزعاط نے بتایا کہ ملبہ ہٹانے اور سڑکوں کی صفائی کا پہلا مرحلہ مشرقی غزہ کے ان علاقوں پر مرکوز ہوگا، جنہیں قابض اسرائیلی افواج بار بار نشانہ بناتی رہی ہیں، جیسے الشجاعیہ، شرق التفاح، الدرج، شرق الزيتون اور البلدة القدیمہ۔ اس کے بعد یہ کارروائی شہر کے مغربی حصوں تک وسعت اختیار کرے گی۔

بلدیہ کے ماہرین نے اس موقع پر سڑکوں کی بحالی کا ایک تفصیلی منصوبہ پیش کیا، جس میں درکار مشینری، وقت کا تخمینہ، جائزہ لینے کا طریقہ کار، اور ترجیحات طے کرنے کے اصول شامل تھے۔

اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ جنگ بندی نافذ ہوتے ہی بلدیہ اور محلوں کی کمیٹیاں مشترکہ طور پر ملبہ زدہ علاقوں کا جائزہ لیں گی تاکہ طے شدہ اصولوں کے مطابق ترجیحی کاموں کی نشاندہی کی جا سکے۔

مزید برآں، ہر محلے میں ایک عارضی جگہ کو ملبہ جمع کرنے کے لیے مختص کیا جائے گا، اور ایک مقامی نمائندہ نامزد کیا جائے گا جو سڑکیں کھولنے اور ملبہ ہٹانے کے عمل میں بلدیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا۔

تمام شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ بلدیہ، مقامی کمیٹیوں اور شہر کے تمام طبقات کے درمیان قریبی اور ہم آہنگ تعاون ازحد ضروری ہے، تاکہ موجودہ انسانی المیے کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور غزہ کو دوبارہ زندگی کی سانس لینے کا موقع مل سکے۔

انہوں نے مقامی اور بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بلدیہ کو فوری طور پر درکار امداد فراہم کریں، تاکہ سڑکیں کھولی جا سکیں، بنیادی سہولیات بحال ہوں اور شہریوں کی زندگی ایک بار پھر متحرک ہو سکے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan