اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے فلسطینی مصالحت کے معاملے پر مصر کی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے مصالحتی دستاویز پر حماس کے تجاویز کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ برھوم نے کہا ہے کہ مصر نے عرب لیگ کے جنرل سیکرٹری جنرل عمرو موسی کی جانب سے فلسطینی مصالحت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام اللہ حکومت کے غیرآئینی صدر محمود عباس نے بزنس مین منیب المصری کی قیادت میں فلسطینیوں کے مابین مفاہمت کے لیے فلسطینی جماعتوں کے وفد کو غزہ بھیجنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔ حماس کے ترجمان نے کہا ہے کہ حماس نے مصالحت کے لیے عرب، عالمی اور مصر کی تمام کوششوں کا ساتھ دیتے ہوئے تمام رکاوٹیں دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ حماس نے عمرو موسی کے سامنے لچکدار تجاویز پیش کی ہیں جن پر توجہ دی جانی ضروری ہے۔