غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) شمالی غزہ کے علاقے بیت حانون میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے ایک بڑی کارروائی کے دوران قابض اسرائیلی فوج پر کاری ضرب لگائی، جس میں 5 فوجی ہلاک اور کم از کم 10 شدید زخمی ہو گئے، جبکہ ایک قابض فوجی تاحال لاپتہ ہے۔ یہ معلومات قابض اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے فراہم کی ہیں۔
یہ کارروائی اس وقت انجام دی گئی جب مزاحمت کاروں نے ایک بکتر بند گاڑی کو نشانہ بنایا، جو قابض فوجیوں کو لے جا رہی تھی۔ پہلے ایک زور دار دھماکہ خیز مواد سے اس گاڑی کو اڑایا گیا، پھر ایک بارود سے لدا روبوٹ، جو گولہ بارود لے جا رہا تھا، کو اینٹی ٹینک میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
اس کارروائی کے بعد جب قابض اسرائیلی فوج کی ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی، تو اسے بھی مزاحمت کاروں نے نشانہ بنایا۔ قابض اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حملے کی آواز اشدود اور عسقلان جیسے قابض علاقوں تک سنی گئی، جسے “بڑا دھماکہ” قرار دیا گیا۔ زخمیوں میں ایک سینئر افسر بھی شامل ہے۔
مارے گئے فوجی قابض اسرائیلی فوج کی ’یَہلوم‘ یونٹ سے تعلق رکھتے تھے، جو غزہ میں فلسطینیوں کے گھروں کو بارود سے تباہ کرنے کی مہم میں ملوث ہے۔ اس کی تصدیق الجزیرہ چینل کی فلسطین میں نمائندہ، نجوان سمرے نے کی ہے۔
واقعے کے بعد قابض اسرائیل کے جنگی ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ اندھا دھند فائرنگ بھی کرتے رہے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق واقعہ تاحال جاری ہے، ایک فوجی غائب ہے اور متعدد فوجی گاڑیاں شعلوں میں لپٹی ہوئی ہیں۔ جائے وقوعہ کو مکمل طور پر افراتفری اور گھبراہٹ نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
گذشتہ چند ہفتوں سے مزاحمتی کارروائیوں میں غیر معمولی شدت دیکھی گئی ہے، جن میں درجنوں قابض فوجی اور افسر ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔
قابض اسرائیلی ذرائع کے مطابق جون کا مہینہ ان کے فوجیوں کے لیے سب سے زیادہ خونی ثابت ہوا، جس میں 20 قابض فوجی اور افسر ہلاک ہوئے۔ چند دن قبل ہی قابض اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے قریب 6 فوجیوں اور ایک افسر کی ہلاکت کا اعتراف کیا تھا، حالانکہ ابتدا میں قابض میڈیا نے صرف 4 فوجیوں کی ہلاکت اور 17 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔
گزشتہ ہفتے مزاحمت کاروں نے شمالی غزہ کے علاقے الشجاعیہ میں 3 گھنٹوں کے دوران 3 الگ الگ کارروائیاں انجام دیں، جن کا نشانہ قابض اسرائیلی فوج کی نخبوہ 98ویں بٹالین بنی۔ ان کارروائیوں میں ایغوز یونٹ کا ایک فوجی ہلاک اور 8 زخمی ہوئے، جن میں سے 3 کی حالت نازک بتائی گئی۔