مقبوضہ بیت المقدس (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج کی بھرپور سکیورٹی میں صیہونی آبادکاروں نے اتوار کی شام مقبوضہ بیت المقدس کے حساس ترین علاقے میں اشتعال انگیز ریلیاں نکالیں۔ ان ریلیوں کے دوران مسجد اقصیٰ کے دروازے ’باب المجلس‘ کے قریب واقع حی الواد میں ناچ گانے کا سلسلہ جاری رہا، جس سے علاقے میں سخت کشیدگی پیدا ہو گئی۔
یہ صیہونی اشتعال انگیز مظاہرے ایک ایسے وقت میں ہوئے جب قابض اسرائیلی فوج نے بڑی تعداد میں فلسطینیوں خصوصاً نوجوانوں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا۔ یہ اقدامات ان روزانہ جاری صیہونی یلغار کے ساتھ سامنے آئے، جس کے تحت قابض آبادکار باقاعدگی سے قبلہ اول کی حرمت پامال کر رہے ہیں۔
قابض اسرائیل کی جاری پالیسی کے تحت فلسطینیوں، صحافیوں اور مسجد اقصیٰ کے محافظ مرابطین کو زبردستی مسجد سے دور رکھا جا رہا ہے۔ ان پر چھ ماہ سے ڈیڑھ سال تک کے جبری داخلہ بندش کے احکامات صادر کیے جا رہے ہیں، جو قابض ریاست کی اُس منظم سازش کا حصہ ہیں جس کا مقصد مسجد اقصیٰ کو فلسطینیوں سے خالی کروا کر اس پر مکمل صیہونی تسلط قائم کرنا ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیل کے مظالم کا دائرہ مسلسل پھیل رہا ہے۔ مسجد اقصیٰ پر روزانہ کی بنیاد پر دھاوے بولے جا رہے ہیں اور نمازیوں پر پابندیاں معمول بن چکی ہیں، خاص طور پر مذہبی تہواروں اور اہم اوقات میں۔