بیروت (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی ڈرون نے جمعرات کی شام لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے خلدہ میں ایک عام شہری گاڑی کو نشانہ بنایا، جو ساحلی شاہراہ پر رواں دواں تھی۔ حملے کے نتیجے میں دو زور دار دھماکوں کی گونج نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔
لبنانی وزارت صحت کے ہنگامی آپریشن سینٹر نے جاری کردہ ایک بیان میں تصدیق کی کہ خلدہ میں قابض اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک شخص شہید، جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوئے۔
لبنانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیل کے جنگی ڈرون نے نہایت درست نشانہ لیتے ہوئے گاڑی پر حملہ کیا، جو اس وقت شاہراہ پر گزر رہی تھی۔ حملے کے باعث گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جبکہ دھماکے کے مقام پر آگ بھڑک اٹھی اور دھوئیں کے سیاہ بادل بلند ہوتے رہے۔
قابض اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں ایرانی القدس بریگیڈز کے ایک مزاحمت کار نشانہ بنایا گیا، جس پر الزام ہے کہ وہ حزب اللہ کے لیے اسلحہ اسمگل کرنے میں ملوث تھا۔
قابض اسرائیلی فوجی ریڈیو نے اس حملے کو “غیر معمولی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی دو وجوہات ہیں: پہلی یہ کہ حملہ بیروت کی سرحد سے 75 کلومیٹر اندر واقع مقام پر کیا گیا اور دوسری یہ کہ نشانہ بنایا گیا شخص حزب اللہ کا رکن نہیں بلکہ ایرانی القدس بریگیڈز سے تعلق رکھتا ہے۔
یہ حملہ خطے میں قابض اسرائیل کی بڑھتی ہوئی درندگی اور بین الاقوامی سرحدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔ عام شہریوں کی گاڑیوں کو اس انداز میں نشانہ بنانا نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے بلکہ خطے میں کشیدگی کو مزید بھڑکانے کی صہیونی کوشش ہے۔