قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کے شمال اور جنوب میں تازہ بمباری کی ہے جس میں کم از کم ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، بمباری میں متعدد عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ غزہ سے مقامی ذرائع کے مطابق قابض صہیونی فوج کے جنگی طیاروں نے آج صبح غزہ کے شمال میں جبالیا اور بیت لاھیا میں متعدد میزائیل داغے۔ یہ میزائل ویران علاقے میں کھیتوں میں گرے، تاہم اس حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات نہیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق قابض فوج نے غزہ کے جنوب میں پرانے ایئرپورٹ پر بھی دو میزائل گرائے، جس سے کم از کم ایک شخص زخمی اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ قبل ازیں قابض فوج نے مصر اور فلسطینی سرحد پر موجود سرنگوں پر بھی گولہ باری کی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آج صبح غزہ کے جنوبی علاقے رفح کے شمال میں ایئرپورٹ پر حملے میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے زیر استعمال ایک سرنگ اور ایک اسلحہ کے ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ شام اس علاقے سے فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ کے قریب قائم یہودی کالونیوں پر 10 ہاون راکٹ فائر کیے تھے۔