استنبول (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) — اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل نے اپنے اہم خطاب میں اسرائیل کی ایران اور غزہ پر جاری جارحیت کو کھلی طور پر ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ہر خودمختار ریاست کو اپنی سرزمین کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازعے کا پرامن حل تلاش کیا جانا ضروری ہے تاکہ خطے کو مزید تباہی اور خونریزی سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا دائرہ صرف ایران تک محدود نہیں بلکہ غزہ کی مظلوم آبادی پر بھی بدستور بمباری جاری ہے، جو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دوہرے معیار کو ترک کرے اور فلسطین، ایران اور دیگر متاثرہ مسلم اقوام کے ساتھ انصاف پر مبنی مؤقف اپنائے۔
او آئی سی نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسلامی دنیا کے خلاف جاری صہیونی بربریت کو فوری طور پر روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں، کیونکہ اس جارحیت کے نتیجے میں پورے مشرق وسطیٰ کا امن خطرے میں پڑ چکا ہے۔
اختتام