القدس (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کی فوجی ریڈیو نے اعتراف کیا ہے کہ ایران کی جانب سے ہونے والے میزائل حملوں کے بعد قابض ریاست میں 14 صہیونی ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ حملے جمعے کی شام شروع ہوئے تھے اور ان کے نتیجے میں قابض اسرائیل کی سرزمین پر شدید تباہی پھیلی ہے۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ایرانی حملوں نے سنہ1948ء سے قابض اسرائیل کے تسلط میں رہنے والے فلسطینی علاقوں میں موجود صہیونی بستیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تقریباً 500 صہیونی زخمی ہوئے۔ میزائل حملوں نے متعدد عمارتوں، رہائشی بلاکس اور دیگر تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
عبرانی ٹی وی چینل 12 نے اتوار کی دوپہر اطلاع دی کہ ’’بات یام‘‘ نامی شہر میں ملبے تلے دبی ایک لاش کو نکال لیا گیا ہے، جس سے صرف اسی ایک شہر میں ہلاک شدگان کی تعداد آٹھ تک جا پہنچی ہے۔
دوسری جانب، قابض اسرائیل کی وزارتِ فلاح و بہبود نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی حملے کے نتیجے میں 742 صہیونی افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں سے کئی کو ہوٹلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب قابض اسرائیل نے فلسطین کے نہتے عوام پر بدترین مظالم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں۔ نسل کشی، جبری بے دخلی، گھروں کی مسماری، مسجدوں کی بے حرمتی، ہسپتالوں پر بمباری، اور ہزاروں بے گناہ شہداء کی لاشیں، آج بھی اس بات کا بین ثبوت ہیں کہ ظلم کا انجام کبھی اچھا نہیں ہوتا۔
غزہ، مغربی کنارے اور القدس میں بہنے والا فلسطینیوں کا خون، دنیا کی بےحسی کے باوجود رب کی عدالت میں صدا بلند کر رہا ہے۔ آج جو تباہی قابض ریاست میں دیکھی جا رہی ہے، وہ اس جبر و درندگی کی بازگشت ہے جو برسوں سے فلسطین کی گلیوں میں گونج رہی ہے