Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

قابض اسرائیلی فوج کی ننگی جارحیت اور قتل عام، غزہ میں 90 فلسطینی شہید،605 زخمی

غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن)غزہ کی زخم خوردہ سرزمین پر ایک بار پھر خون کی ندیاں بہا دی گئیں۔ قابض اسرائیل کی درندگی کے تازہ حملوں میں صرف گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 90 فلسطینی شہید اور 605 شدید زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ المناک اعداد و شمار وزارتِ صحت غزہ نے ہفتے کے روز جاری کیے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے اندر جو لاشیں اور زخمی ہسپتالوں تک پہنچے ان میں 29 شہداء وہ معصوم شہری تھے جو امداد کے انتظار میں کھڑے تھے، جن کے ہاتھوں میں بھوک کے مارے امدادی تھیلے تھے اور دل میں زندہ رہنے کی آخری امید۔ ان پر بھی قابض اسرائیلی طیاروں نے موت کی بارش کر دی۔

اس بہیمانہ بمباری کے نتیجے میں صرف دو دنوں میں 274 افراد جام شہادت نوش کر چکے ہیں، جب کہ 2532 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ زخمیوں کی بڑی تعداد میں وہ ہیں جن کے جسم کے اعضا بکھر گئے، جن کے پیارے ان کی آنکھوں کے سامنے شہید ہوئے، اور جن کا اب کوئی سائبان نہیں بچا۔

وزارتِ صحت نے ایک اور بھیانک حقیقت کا انکشاف کیا کہ سنہ2025ء کی 18 مارچ سے اب تک قابض اسرائیلی حملوں میں شہداء کی تعداد 5014 ہو چکی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 16385 سے تجاوز کر چکی ہے۔

اگر سات اکتوبر سنہ2023ء سے جاری نسل کشی کی مجموعی ہولناکی کو دیکھا جائے تو منظر مزید دل دہلا دینے والا ہے: قابض اسرائیل کے ان مسلسل حملوں میں شہداء کی تعداد 55297 تک جا پہنچی ہے، جب کہ 128426 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔

وزارتِ صحت نے بتایا کہ اب بھی متعدد شہداء ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، یا سڑکوں پر دم توڑ چکے ہیں، جن تک ایمبولینسیں یا امدادی کارکن نہیں پہنچ پا رہے۔ ملبے کے نیچے زندگی کی آخری سانسیں گننے والے ان زخمیوں کی کوئی فریاد سننے والا نہیں، کیونکہ قابض اسرائیلی فوج نے امدادی اہلکاروں کی نقل و حرکت بھی تقریباً ناممکن بنا دی ہے۔

یہ سب کچھ عالمی برادری کی خاموشی کے سائے میں ہو رہا ہے، جہاں ایک طرف امریکہ کھلے عام قابض اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہے، وہیں دوسری جانب اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے صرف الفاظ کی مذمت پر اکتفا کر رہے ہیں۔ فلسطینی عوام کا لہو چیخ چیخ کر دنیا کو جگا رہا ہے، مگر عالمی ضمیر شاید اب بھی خوابِ غفلت میں ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan