شمالی غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیہ میں قابض اسرائیلی فوج کی درندگی کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی قوتوں نے ایک بار پھر اپنی عظیم قربانیوں اور شجاعت کا ثبوت دیتے ہوئے دشمن کو بھاری جانی نقصان سے دوچار کیا ہے۔القسام بریگیڈزنے دشمن فوج پر گھات لگا کر کیے گئے حملے کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوجی دستے کو نہ صرف نشانہ بنایا بلکہ ایک قابض اسرائیلی کھدائی کرنے والی مشین کو بھی تباہ کر دیا۔
القسام بریگیڈز کی جانب سے جاری کردہ عسکری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے جانباز مجاہدین نے محاذِ جنگ سے واپسی کے بعد اطلاع دی کہ انہوں نے شمالی غزہ کے علاقے العطاطرہ، بیت لاہیا میں ایک گھات لگا کر کارروائی کی، جہاں صہیونی فوجی کے اہلکار ایک گھر میں مورچہ زن تھے۔ مجاہدین نے ان پر “ٹی بی جی” راکٹ داغا، جس کے نتیجے میں دشمن کے متعدد فوجی یا تو مارے گئے یا زخمی ہوئے۔
اس جرات مندانہ حملے کے بعد مزاحمتی قوتوں نے ایک قابض اسرائیلی “میرکافا” ٹینک کو “الیاسین 105” میزائل سے نشانہ بنایا، جس سے ٹینک بری طرح تباہ ہو گیا۔ اس کے ساتھ ہی ایک بھاری بھرکم صہیونی بُلڈوزر “D9” کو بھی “صدمی” بم سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اس کے اندر سوار اہلکار یا تو موقع پر جاں بحق ہو گئے یا شدید زخمی ہوئے۔ یہ کامیاب کارروائی سنہ2025ء کے 27 مئی کو انجام دی گئی۔
اس کے علاوہ ایک اور کارروائی میں القسام بریگیڈز نے قابض اسرائیل کی ایک کھدائی کرنے والی مشین “باقر” کو تل الزعتر کے علاقے میں شدید دھماکہ خیز زمینی بارودی مواد سے تباہ کر دیا۔ اس حملے میں دشمن کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ یہ کارروائی سنہ2025ء کے 29 مئی کو انجام پائی۔
قابض اسرائیل کی طرف سے فلسطینی عوام کے خلاف مسلسل جاری قتل و غارت، نسل کشی، بچوں اور عورتوں پر بمباری اور ہسپتالوں و سکولوں کی تباہی جیسے سنگین جرائم کے باوجود، القسام بریگیڈز کے دلیر مجاہدین اپنی سرزمین اور اپنے مظلوم عوام کی حفاظت کے لیے سینہ تان کر کھڑے ہیں۔ ہر روز ایک نئی قربانی، ہر حملہ ایک نئی مزاحمت کی علامت بن چکا ہے۔