صنعاء (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) یمن کے سرکردہ رہ نما جنرل محمد الغماری نے ایک جذباتی اور پرعزم پیغام میں اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈز کو مخاطب کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمت کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے مرکزاطلاعات فلسطین کو موصول ہونے والے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ “ہم آپ کے پاکیزہ ہاتھوں کو تھامتے ہیں اور آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ یمن، اپنی عوام، افواج اور قیادت سمیت، میدانِ معرکہ میں ہمیشہ فلسطین کے ساتھ کھڑا رہے گا، یہاں تک کہ وعدہ پورا ہو اور سرزمینِ مقدس اپنے اصل وارثوں کو واپس مل جائے۔”
جنرل الغماری نے مزید کہا کہ”غزہ جو اب امتِ مسلمہ کی عزت و وقار کی علامت بن چکی ہے، کبھی شکست نہیں کھائے گی، کیونکہ جب تک القسام جیسے مردانِ حق زندہ ہیں، مزاحمت کا علم سرنگوں نہیں ہوگا۔”
عید قربان کے مبارک موقع پر جنرل الغماری نے اپنے اس پیغام کو عہد نو سے تعبیر کیا کہ “ہم آپ سے عہد کرتے ہیں کہ راہِ جہاد ہی ہمارا راستہ ہے اور ہم کبھی اس سے منحرف نہ ہوں گے۔ دشمن کی تقدیر شکست ہے، اور فلسطین ہمیشہ صنعاء کے دل میں بسا رہے گا۔ القدس ہمارے عقیدے، ہمارے نصابِ تعلیم اور ہمارے قبلۂ جہاد کا مرکز ہے۔”
یاد رہے کہ یمنی مسلح افواج اس سے قبل بھی فلسطینی مزاحمتی قوتوں کے لیے عسکری حمایت اور اظہارِ یکجہتی کر چکی ہیں۔ انہوں نے غزہ میں جاری قابض اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے خلاف بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مزاحمتی قوتوں کو عسکری سلام بھی پیش کیا۔
گزشتہ بدھ کو یمنی فوج کے عسکری ترجمان یحییٰ السریع نے اپنی ایک وڈیو تقریر میں دو ٹوک اعلان کیا کہ “یمن، جو آزاد، خودمختار اور غیرتمند قوم ہے، فلسطینی مزاحمت کے ساتھ کھڑا ہے۔ چاہے دنیا ساتھ چھوڑ دے، ہم نہیں چھوڑیں گے۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں جب تک قابض اسرائیل کا ظلم ختم نہ ہو، اور محاصرہ ٹوٹ نہ جائے۔”
یمنی افواج، جو “انصار اللہ” کے تحت کام کر رہی ہیں، مسلسل قابض اسرائیل کی نسل کشی کے خلاف فلسطینی عوام کا ساتھ دے رہی ہیں۔ بحیرہ احمر میں اسرائیلی اور امریکہ کی حمایتی تجارتی و فوجی جہازوں پر حملے اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔