غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کے اندر ایک عمارت کے حصے کے منہدم ہونے سے تین صہیونی فوجی زخمی ہو گئے ہیں، جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی ویب سائٹ “حدشوت لو تسنزورا” کے مطابق غزہ کے اندر ایک عمارت کی چھت اسرائیلی فوجیوں پر آگری، جس کے نتیجے میں دو فوجی شدید زخمی ہوئے، جبکہ تیسرے کی چوٹیں درمیانے درجے کی بتائی گئی ہیں۔
ادھر قابض اسرائیلی فوج کی ملٹری سنسر شپ نے اس واقعے کی تفصیلات شائع کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے، جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ معاملہ ان کے لیے خاصا حساس اور باعثِ خفت ہے۔
دوسری جانب اسلامی جہاد کے عسکری ونگ سرايا القدس نے اعلان کیا ہے کہ ان کے مجاہدین نے خان یونس کے مشرقی علاقے خزاعہ میں ابو رجیلہ گراؤنڈ کے قریب پیش قدمی کرتی ہوئی ایک صہیونی میرکافا ٹینک کو آر پی جی حملے کا نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد ٹینک میں آگ لگ گئی۔
فلسطین کی بہادر مزاحمتی قوتیں مسلسل قابض اسرائیل کے ظلم، جارحیت اور نسل کشی کے خلاف سینہ سپر ہیں۔ “طوفان الاقصیٰ” کے عنوان سے جاری اس جدوجہد میں فلسطینی مزاحمت کار اپنے خون سے مظلوم قوم کے دفاع کی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔