صنعاء (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) یمنی مسلح افواج نے کہا کہ انہوں نے بحیرہ احمر میں تعینات امریکی فوج کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد فوجی آپریشن کیے ہیں۔ یہ کارروائیاں واشنگٹن کی یمن میں جارحیت کے جواب میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف شہروں میں نہتے شہریوں کے قتل عام کے جواب میں کی ہیں۔
یمنی مسلح افواج نے منگل کو ایک بیان میں زور دیا کہ فضائی دفاع نے ایک امریکی MQ-9 ڈرون کو اس وقت مار گرایا جب وہ حجہ گورنری کے ساحل کی فضائی حدود میں انٹیلی جنس مشن چلا رہا تھا۔ یہ اپنی نوعیت کی 20ویں کارروائی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ طیارے کو مقامی طور پر تیار کردہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے مار گرایا گیا۔ یہ اس طرح کا ساتواں ڈرون طیارہ ہے جسے یمنی فضائی دفاع نے اس اپریل میں مار گرایا ہے۔
ایک متعلقہ تناظر میں یمنی مسلح افواج نے اعلان کیا کہ اس کی میزائل فورس، فضائیہ اور بحری افواج نے متعدد کروز میزائلوں اور ڈرونز کے ساتھ بحیرہ احمر میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ٹرومین اور ونسن اور ان سے منسلک جنگی جہازوں کو نشانہ بناتے ہوئے دو فوجی آپریشن کیے ہیں۔
مسلح افواج نے اس بات پر زور دیا کہ انہوں نے دشمن کے متعدد حملوں کو ناکام بنایا ہے اور آنے والے دنوں میں ہر سطح پر کسی بھی پیش رفت سے ذمہ داری اور مناسب طریقے سے نمٹا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کو مظلوم فلسطینی قوم سے یکجہتی سے باز رکھنے کے لیے امریکی ، صہیونی اور اس کے آلہ کار سرگرم ہیں مگر یمنی عوام فلسطینیوں سے یکجہتی کا اپنا مشن جاری رکھیں گے۔