غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غرب اردن کے شمالی شہر نابلس کے مشرق میں واقع بلاطہ پناہ گزین کیمپ پر جاری دھاوے کے دوران بدھ کی شام قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے سات شہری زخمی ہو گئے۔
نابلس میں ہلال احمر کے ایمرجنسی اور ایمبولینس سنٹر کے ڈائریکٹر عمید احمد نے بتایا کہ ایمبولینس کے عملے نے قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہونے والے سات زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی ہے۔ انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ آنسو گیس بم سے براہ راست نشانہ بننے سے ایک بچہ چہرے پر شیل لگنے سے زخمی ہوا اور قابض فوجیوں نے 5 شہریوں پر تشدد کیا جبکہ 50 شہری زہریلی گیس سانس لینے سے دم گھٹنے کا شکار ہوئے۔
احمد نے تصدیق کی کہ ایمبولینس کے عملے نے چار بچوں سمیت 21 مریضوں کو کیمپ کے اندر سے نکال کر ہسپتالوں میں منتقل کیا۔
ایک مقامی ذریعے نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے بدھ کی صبح بلاطہ کیمپ پر دھاوا بول دیا، کیمپ کے اندر وسیع پیمانے پر فوج تعینات کی اور اس کے داخلی راستے بند کردیے۔قابض فوج نے متعدد خاندانوں کو اپنے گھر خالی کرنے کا حکم دیا اور کیمپ کے اندر کئی گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی۔