خان یونس (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) پیر کی صبح قابض اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس کے قریب صحافیوں کے لیے مختص ایک خیمے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک صحافی اور ایک دوسرا شہری شہید اور نو زخمی ہوئے۔
صحافیوں نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے ناصر میڈیکل کمپلیکس کے قریب صحافیوں کے ایک خیمے پر بمباری کی، جس میں صحافی حلمی الفقعاوی اور نوجوان یوسف الخزندر شہید اور نو دیگر صحافی زخمی ہوگئے۔
زخمی صحافیوں میں احمد منصور جن کی حالت تشویشناک ہے۔ اس کے علاوہ حسن اصلاح، احمد آغا، محمد فائیق، عبداللہ العطار، ایہاب البردینی، محمود عوض، ماجد قدیح اور علی اصلاح شامل ہیں۔
حملے کے بعد صحافیوں کے خیمے کے اندر آگ لگنے کے لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک صحافی کا جسد خاکی براہ راست گولہ باری سے جل رہا ہے اور اس کے ارد گرد آگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں۔
خان یونس میں صحافیوں کو نشانہ بنانے کا واقعہ اس شہر کے مغرب میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں صحافی اسلام نصر الدین مقداد کی شہادت کے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت میں سامنے آیا ہے۔