پولینڈ کے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے دارالحکومت وارسو میں قائم ایک مقامی عدالت کے ذریعے موساد کے گرفتار ایجنٹ کو جرمنی کے حوالے کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ موساد کے ایجنٹ یوری بروسکی کو چند روز قبل جرمنی کے کہنے پر پولینڈ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ یوری بروسکی پرالزام ہے کہ اس نے رواں سال جنوری میں دوبئی میں حماس کے راہنما محمود مبحوح کے قتل کے لیے جرمنی کے جعلی پاسپورٹ پر متحدہ عرب امارات کا سفر کیا تھا۔
جمعرات کے روز پولینڈ پراسیکیوٹر جنرل کے ترجمان مونیکا لوانڈوسکا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے مقامی عدالت میں موساد کے ایجنٹ کو جرمنی کے حوالے کرنے سے متعلق درخواست دائر کی ہے جبکہ دوسری جانب عدالتی ترجمان فوجکیک نے کہا کہ وہ آئندہ دس روز کے اندر پراسیکیوش آفس کی درخواست کا جائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ بروسکی کو چند روز قبل اسرائیل سے پولینڈ آمد پر جرمنی کی درخواست پر گرفتار کیا گیا تھا۔ جرمنی کا کہنا ہے کہ بروسکی نے جرمن پاسپورٹ پر حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ کے سابق کمانڈر محمود مبحوح کو قتل کیا تھا، جرمن حکام کے مطابق جن تین افراد نے مبحوح کے قتل کے لیے جرمنی کے جعلی پاسپورٹس استعمال کیے تھے ان میں ایک بروسکی بھی تھا۔
ذرائع کے مطابق پولینڈ کے اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے بروسکی کے مقدمے کو نمٹانے میں کم ازکم دس دن جبکہ زیادہ سے زیادہ ساٹھ سے نوے دن لگ سکتے ہیں۔ عدالت کا فیصلہ آتے ہی یوری بروسکی کی جرمنی حوالگی کے فیصلے پرعمل درآمد کیا جائے گا۔