برلن (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جرمنی فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے جنگ کے مکمل خاتمے کے لیے مذاکرات کی طرف واپسی پر زور دیا ہے۔
وزراء خارجہ نے جمعہ کی شام ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ “غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کا دوبارہ آغاز غزہ کے لوگوں کے لیے ایک افسوسناک قدم ہے”۔
یہ مشترکہ اپیل اس وقت سامنے آئی جب جمعہ کو اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے دھمکی دی تھی کہ اگر حماس نے باقی اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہ کیا تو وہ غزہ کی پٹی کے کچھ حصوں کو ضم کر دے گا۔
کاٹز نے کہاکہ “میں نے فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ غزہ میں مزید علاقوں پر قبضہ کرے، رہائشیوں کو وہاں سے نکالے اور غزہ کے ارد گرد سیکورٹی زونز کو بڑھا دے۔ اسرائیلی قصبوں اور آئی ڈی ایف کے فوجیوں کی حفاظت کی جا سکے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”حماس جتنی دیر تک مغوی (اسرائیلی قیدیوں) کی رہائی سے انکار کرتی رہے گی۔ اتنی ہی زیادہ زمین کھوئے گی، جس کا اسرائیل سے الحاق کیا جائے گا”۔ اسرائیل قیدیوں کی رہائی تک ”بڑھتی ہوئی طاقت کے ساتھ” جارحیت جاری رکھے گا۔
جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک، فرانسیسی وزیر خارجہ جین نول بیروٹ، اور برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی نے “تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کے مکمل نفاذ کو یقینی بنانے اور اسے مستقل کرنے کے لیے مذاکرات میں دوبارہ شامل ہوں”۔