مغربی کنارہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں سینکڑوں لوگوں نے غزہ اور اس کی مزاحمت کی حمایت اور قابض اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرے میں حصہ لیا۔
یہ مارچ نماز تراویح کے بعد شروع ہوا اور شہر کی سڑکوں سے ہوتا ہوا شہر کے وسط میں واقع المنار گول چکر پر پہنچا۔
شرکاء نے غزہ پر جارحیت کی مذمت اور قابض فوج کے جرائم کو مسترد کرتے ہوئے غزہ اور یمن کی مزاحمت کی حمایت میں نعرے لگائے۔
غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیل تباہی کی جنگ کے دوبارہ شروع ہونے کے جواب میں مغربی کنارے میں عوام کو متحرک کرنے، مشتعل مظاہروں اور قابض ریاست کے خلاف محاذ آرائی اور مزاحمت میں اضافے کی کالیں کی گئی ہیں۔
حماس کے رہنما عبدالرحمٰن شدید نے اس سے قبل مغربی کنارے میں فلسطینی عوام سے غزہ کی حمایت کے لیے غصے اور انقلاب کے ساتھ متحرک ہونے اور اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی تھی۔
انہوں نےمزید کہاکہ “ہمارے لوگ اور ان کی مزاحمت غزہ کے خلاف قابض ریاست کی تمام مذموم سازشوں کو ناکام بنا دے گی۔ دشمن جو مذاکرات کے ذریعے حاصل کرنے میں ناکام رہا، وہ جنگ کے ذریعے مسلط کرنے میں کامیاب نہیں ہو گا”۔