دوحہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے ایک سرکردہ وفد نے قیادت کونسل کے چیئرمین محمد درویش کی سربراہی میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں روسی فیڈریشن کے صدر کے خصوصی نمائندے مشرق وسطیٰ اور افریقہ کےلیے روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف سے ملاقات کی۔
وفد میں حماس کے بیرون ملک سربراہ خالد مشعل، بین الاقوامی تعلقات کے دفتر کے سربراہ موسیٰ ابو مرزوق اور تحریک کے سیاسی بیورو کے رکن سامی خاطر بھی موجود تھے۔
اس ملاقات میں حماس کی قیادت اور روسی عہدیداروں نے غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات میں پیشرفت، معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں اور اس کے نفاذ میں رکاوٹ بننے والے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ انسانی ہمدردی کے پروٹوکول کو نافذ کرنے میں تاخیر، خیموں، پہلے سے تیار شدہ مکانات (شیلٹرز)، ایندھن اور بھاری سامان کے داخلے کو روکنا، نیز بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے بیت المقدس اور مغربی کنارے میں قابض ریاست کے جرائم اور پالیسیوں، مغربی کنارے کے کیمپوں اور شہروں کی منظم تباہی اور مذہبی مقامات پر حملوں کی وجہ سے صورتحال کی سنگینی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران حماس رہ نما محمد درویش نے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے تحریک کے عزم اور اسے مکمل کرنے کے لیے اپنی مکمل تیاری کا اعادہ کیا۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت میں روس کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ غزہ کے باشندوں کی فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ناکہ بندی یا جبری نقل مکانی کے ذریعے نئی حقیقت مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے میں روس کے کردار کو سراہا۔
اس موقعے پر بوگدانوف نے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے روس کی غیر متزلزل حمایت، جنگ بندی معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد کے لیے ماسکو کی حمایت اور انسانی امداد کی غیر محدود ترسیل کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اپنے ملک کی طرف سے فلسطینیوں پر زبردستی حل مسلط کیے جانے کو مسترد کرنے اور فلسطینی کاز کی حمایت کے لیے بین الاقوامی فورمز میں روس کی کوششیں جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔