غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے لبنان میں اسرائیلی فوج کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونےوالے القسام کے کمانڈر محمد ابراہیم شاہین “ابو البراء” کی شہادت پر سوگ کا اعلان کیا ہے۔
القسام بریگیڈز نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ شاہین “غدار صہیونی طیاروں کے ذریعے کی گئی ایک قاتلانہ کارروائی کے بعد طوفان الاقصی کی جنگ میں شہید ہوئے”۔
القسام بٹالین نے بتایا کہ کمانڈر شاہین کی جہادی خدمات کا عمل تحریک انتفاضہ الاقصیٰ سے شروع ہوئیں۔ ان کی زندگی جہاد، مزاحمت اور دشمن کا مقابلہ کرنے میں گذری۔ فلسطین کی تحریک آزادی میں ان کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ القسام میں اپنے کام کے دوران کمانڈر شاہین کو “کئی جدید جہادی ذمہ داریوں پر فائز کیا گیا۔ انہوں نے اپنے شہید بھائی انجینئر حمزہ شاہین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
خیال رہے کہ آج سوموار کو قابض اسرائیلی فوج کے ایک بزدلانہ فضائی حملے کے نتیجے میں القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد ابراہیم شاہین شہید ہوگئے تھے۔