تونس (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ بیت المقدس میں سپریم اسلامی کونسل کے سربراہ اور مسجد اقصیٰ کے خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ فلسطینی اپنی سرزمین پر ثابت قدم ہیں اور اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
الشیخ “صبری” نے بدھ کو تیونس کے دارالحکومت تیونسیہ میں واقع یونیورسٹی آف ایز زیتونہ میں ایک تقریب سےخطاب کے دوران کہا کہ گذشتہ دہائیوں میں بے گھر ہونے کے حوالے سے فلسطینیوں کا موقف واضح ہے، کیونکہ ہماری سرزمین ہی ہمارا وطن ہے۔ ہم اس میں ثابت قدم رہیں گے چاہے اس کی کوئی بھی قیمت کیوں نہ چکانا پڑے۔
انہوں نے پڑوسی عرب ممالک کو فلسطینیوں کی نقل مکانی کے معاملے پر اپنے موقف پر ثابت قدم رہنے اور امریکی دباؤ کے سامنے سر تسلیم خم نہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیاتھا کہ امریکہ غزہ کی پٹی کا کنٹرول سنبھال لے گا اور اس کا مالک ہو گا۔ ٹرمپ نے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی اپنی تجویز پر عمل درآمد پر اصرار کیا ۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ “امریکہ غزہ کی پٹی کا کنٹرول سنبھال لے گا”۔
تقریباً 16 ماہ سے واشنگٹن نے غزہ کی پٹی میں نسل کشی اور نسلی تطہیر کی جنگ کی حمایت کی ہے، جسے غاصب اسرائیلی دشمن فلسطینی شہریوں کے خلاف 7 اکتوبر 2023 سے مسلط کیے ہوئے ہے۔ امریکی مدد سے شروع کی گئی اس جارحیت کے نتیجے 159 ہزار سے زیادہ شہید اور زخمی ہوئے جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں اور 14 ہزار سے زیادہ لاپتہ ہیں۔