غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنگ بندی کے اعلان کے باوجود نہتے فلسطینیوں کا قتل عام جاری رہا۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران قابض صہیونی فوج نے غزہ میں جارحیت جاری رکھی جس میں 122 فلسطینی شہید ہوئے۔ ان میں سے 62 کی لاشیں ملبے کے نیچے سے نکالی گئیں۔ اس دوران 341 زخمیوں کو غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
وزارت صحت نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والوں کی تعداد 47,035 ہو گئی ہے اور 111,091 زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے غزہ کی جنگ میں شہید اور لاپتہ ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ منسلک لنک کے ذریعے رجسٹریشن کروا کر تمام ڈیٹا وزارت صحت کے ریکارڈ کے ذریعے مکمل کریں۔