غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین شہید القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ قابض صہیونی فوج کو شمالی غزہ میں مزاحمتی فورسز کے ہاتھوں تباہ کن نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ شکست خوردہ بزدل فوج مٹھی بھر مجاھدین کے ہاتھوں زخم چاٹنے پر مجبور ہے۔ دشمن فوج اپنے فوجیوں کا مورال بند رکھنے کے لیے شمالی غزہ میں ہونے والے جانی نقصان کو چھپا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کو شمالی غزہ میں سخت مزاحمت کاسامنا ہے اور بزدل دشمن غزہ سے شکست کھا کر بھاگنے والا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی فوج غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کرتے ہوئے مزاحمت کو کچلنے کا جھوٹا دعویٰ کرتی ہے جب کہ اس کی جارحیت اور سفاقیت کے باوجود مزاحمت کی شان وشوکت اور عظمت برقرار ہے۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ شمالی غزہ میں صہیونی دشمن کی طرف سے ایک سو سے زاید دنوں سے ہمارے نہتے شہریوں کا منظم قتل عام کیا جا رہا ہے اور ہمہ گیر تباہی کے لیے استعمال ہونے والی جنگی مشین کے باوجود دشمن فوج ہمارے مجاھدین کے ہاتھوں زخم چاٹنے اور شکست کھانے پرمجبور ہے۔دشمن کی فوج اعتراف کرچکی ہے کہ گذشتہ بہتر گھنٹوں کے دوران اس کے دس اہلکار ہلاک اور دسیوں زخمی ہوچکے ہیں۔ یہ اعتراف دراصل فلسیطنی مزاحمت کے ہاتھوں شکست کا اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن فوج اپنی صفوں میں ہونے والے نقصان کو چھپا رہی ہے، ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کی اصل تعداد اعلان کردہ تعدادسے کئی گنا زیادہ ہے۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ دشمن قتل وغارت گری، منظم دہشت گردی، فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم کے ارتکاب کو اپنی کامیابی سےتعبئر کررہا ہے جب کہ وہ فلسطینی مزاحمت کو شکست دینے میں ناکام رہا ہے۔
خیال رہے کہ کل سوموار کو قابض صہیونی فوج نے اعتراف کیا کہ شمالی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں اس کے تین فوجی ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔