حماس ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زہری نے کہا ہے کہ مصری وزارت خارجہ کے ترجمان حسام زکی کے اس بیان کے بعد کہ محاصرہ مکمل طور پر اس وقت ختم کیا جائیگا، جب غزہ میں فتح حکومت قائم ہوگی، اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ غزہ کے گرد رکاوٹیں سیاسی بنیادوں پر کھڑی کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر سامی نے مرکز اطلاعات فلسطین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس بیان سے واضح ہوا کہ عرب پارٹیاں اس محاصرے کو فلسطین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کیلئے استعمال کر رہی ہیں اور حماس کو دباو میں لاکر، کمزور کر کے فتح کو مظبوط کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محاصرے کو ختم ہونا ہے اور وہ ختم ہو کر ہی رہے گا، رہی بات حماس کو کمزور کرنے کی، تو ایسی کوششیں ماضی میں بھی ناکام ہوئی ہیں ،یہ کوششیں اب بھی ناکام ہونگی۔ واضح رہے کہ مصری وزارت خارجہ کے ترجمان زکی نے قاہرہ میں غزہ محاصرہ فوری طور پر ختم کرنے کے ساتھ ساتھ اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ غزہ وادی میں فلسطین میں جائز نیشنل اتھارٹی دوبارہ قائم ہوجائے، تاکہ اسرائیل کے ساتھ کراسنگ بھی معمول کے مطابق کھل سکیں۔