مقبوضہ بیت المقدس (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) انتہا پسند اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے پیر کے روز شمالی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں نابلس اور جنین میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی اور نسلی تطہیر پر مبنی آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انتہا پسند صہیونی وزیر کا کہنا ہے کہ غرب اردن میں ایسا آپریشن شروع کیا جائے جس طرح شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے خلاف شروع کیا تھا۔
سموٹریچ کے بیانات قلقیلیہ کے مشرق میں کدومیم بستی کے قریب فائرنگ میں 3 اسرائیلی آباد کاروں کی ہلاکت اور 7 دیگر کے زخمی ہونے کے ردعمل میں سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بندق قصبہ جہاں یہ واقعہ پیش آیا کو جبالیہ جیسے حشر سے دوچار کرنا چاہیے تاکہ کفار سبا کفارغزہ کی طرح نہ بن جائے۔
گذشتہ اکتوبر سے قابض فوج نے شمالی غزہ کی پٹی میں شدید بمباری اور محاصرے کے ذریعے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کیا ہے، جس کا مقصد فلسطینیوں کو جنوب کی طرف جانے پر مجبور کرنا ہے۔
متعلقہ سیاق و سباق میں سموٹریچ نے مغربی کنارے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے سیاسی اور سلامتی کے امور کی منی وزارتی کونسل (کابینہ) کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
ادھر قابض حکومت کے سربراہ بنجمن نیتن یاہو نے ایک بیان میں زور دیا کہ اسرائیلیوں ہلاک کرنے والے افراد اور ہر وہ شخص جس نے ان کی مدد کی کا احتساب کیا جائے گا۔ کوئی بھی سزا سے نہیں بچ سکے گا‘‘۔
قابض اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے’ایکس‘ پلیٹ فارم پر لکھاکہ “ہم یہودیہ اور سامریہ (مغربی کنارے) کی صورت حال کو غزہ کی طرح نہیں بننے دیں گے۔ جو بھی حماس کے راستے پر چلے گا اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی”۔
میگن ڈیوڈ ایڈوم نے اعلان کیا کہ ایک بس اور آباد کاروں کی کاروں پرفائرنگ کے حملے میں 3 اسرائیلی ہلاک اور 7 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ آپریشن کے جواب میں قابض فوج نے قلقیلیہ شہر اور شمالی مغربی کنارے کے کئی قصبوں کو سیل کردیا ہے۔