نابلس (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اتوار کی شام شمالی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے مشرق میں واقع نیو عسکر کیمپ میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک بچہ شہید ہو گیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے نابلس کے عسکر کیمپ میں 17 سالہ معتز احمد عبدالوہاب مدنی کی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہادت کی تصدیق کی۔
ہلال احمر سوسائٹی نے اطلاع دی کہ قابض فوج نے نیو عسکر کیمپ میں تصادم کے بعد ایک زخمی لڑکے کو ہلال احمر کےعملے کے حوالے کیا اور اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
رفیدیہ ہسپتال کے طبی ذرائع نے وضاحت کی کہ لڑکے کو انتہائی شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں کچھ دیر بعد اس کی شہادت کی تصدیق کردی گئی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ نئے عسکر کیمپ کی پہاڑی کے قریب جھڑپ شروع ہوئی۔ اس دوران نوجوانوں نے قابض فوجی دستےپر دیسی ساختہ دھماکا خیز بم پھینکا جس کے بعد قابض فوج نے نوجوانوں پر فائرنگ کی۔