غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’یورو-میڈیٹیرینین ہیومن رائٹس مانیٹر‘ نے کہا ہے کہ قابض اسرائیل ایک منظم طریقے سے غزہ کی پٹی میں امن و امان کو خراب کرنے اور سکیورٹی اور انصاف کے نظام کو ختم کرنے کی ایک خطرناک پالیسی پر عمل پیرا ہے۔اس مجرمانہ منصوبے کا مقصد غزہ میں تباہی اور بربادی کی جنگ کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا ہے۔
یورو میڈ مانیٹر نے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں وضاحت کی کہ قابض فوج نے 7 اکتوبر 2023ء کو غزہ کے خلاف تباہی کی جنگ کے آغاز کے بعد سے سول پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ارکان کو نشانہ بنانے کی بارہا کوشش کی ہے۔ اس کوشش کا مقصد غزہ میں افراتفری پھیلانا اور امن ومان کو تباہ کرتےہوئے پورے علاقے کو انارکی میں دھکیلنا ہے۔
ہیومن رائٹس آبزرویٹری نے کہا کہ غزہ میں افراتفری کی حالت اور سکیورٹی نظام کی تباہی انفرادی انتقام، تنازعات کو طے کرنے اور غیر قانونی طریقوں سے انتقام لینے کے رجحان کو بڑھانے کے لیے ایک زرخیز ماحول بن گئی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ “اسرائیل” کی جانب سے اپنایا جانے والا طریقہ کار نہ صرف بین الاقوامی انسانی قانون کی خطرناک خلاف ورزی ہے، بلکہ غزہ کی پٹی کے لوگوں کو درپیش تباہ کن انسانی بحران میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔
ہیومن رائٹس آبزرویٹری نے قانونی فریم ورک کے اندر سکیورٹی اور کمیونٹی امن کو کنٹرول کرنے، انسانی وقار کے احترام اور خلاف ورزی کے بغیر بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
یورومیڈ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض اسرائیل پر پولیس اور انصاف کو نشانہ بنانا بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالے۔
خیال رہے کہ سات اکتوبر 2023ء سے اسرائیل فاشسٹ ریاست امریکی حمایت اور مدد کے ساتھ غزہ کی پٹی میں نسل کشی کر رہا ہے، جس سے تقریباً 154,000 فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔11,000 سے زیادہ لاپتہ ہیں۔پورا علاقہ کھنڈر میں تبدیل کردیا گیا ہے اور مسلسل ناکہ بندی اور امداد کی ترسیل پر پابندی کے باعث غزہ میں بچ جانےوالے لوگ تباہ کن قحط سے دوچار ہیں۔