صنعا (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) یمن کی مزاحمتی تنظیم انصار اللہ سے وابستہ یمنی مسلح افواج نے جمعرات کے روز صبح سویرے کم از کم ایک میزائل سے مقبوضہ فلسطین کے مرکزی شہر تل ابیب کو نشانہ بنایا جس سے قابض کی تنصیبات کو بڑا مادی نقصان پہنچا۔
قابض فوج نے اعلان کیا کہ اس کے فضائی دفاع نے “یمن سے داغے گئے ایک میزائل کو اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک دیا”۔ جب کہ اسرائیلی پلیٹ فارمز نے ایسی تصاویر اور ویڈیوز شائع کیں جن کے بارے میں ان کے بقول تل ابیب کو نقصان پہنچا۔
قابض فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ “یمن سے بیلسٹک میزائل کے داغے جانے کے بعد وسطی اسرائیل کے کئی علاقوں میں الارم سائرن بج اٹھے “
اسرائیلی میڈیا پلیٹ فارمز نے ایسی تصاویر شائع کیں جن کے بارے میں ان کے بقول آئرن ڈوم سے فائر کیے گئے انٹرسیپٹر میزائلوں کے گرنے کے نتیجے میں “گریٹر تل ابیب” کے علاقے میں نقصان پہنچا ہے۔
آج طلوع فجر سے پہلے تل ابیب کے مشرق میں ایک دھماکے کی آواز سنی گئی جب وسطی مقبوضہ فلسطین کے کئی شہروں اور بستیوں میں سائرن بج گئے۔
یروشلم پوسٹ اخبار نے اطلاع دی ہے کہ تل ابیب میں سائرن کے فعال ہونے کے ساتھ ہی مقبوضہ بیت المقدس میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔