کینبرا (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) ایمنسٹی انٹرنیشنل آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی صحافی انس الشریف کو سال 2024ء کے لیے “ہیومن رائٹس ڈیفنڈر” ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ انس کو یہ ایوارڈغزہ میں ہونے والی اسرائیلی جارحیت کی کوریج کرنے اور جنگ کے دوران جرات مندانہ انداز میں اپنی پیشہ وارانہ ڈیوٹی انجام دینے کی کوششوں کے اعتراف میں یہ ایوارڈ جاری کیا جائے گا۔
تنظیم نے کہا کہ اس سال کا ایوارڈ ان صحافیوں کو اعزاز دینے پر مرکوز ہے جنہوں نے غزہ میں واقعات کی جرات مندانہ رپورٹنگ کی، میڈیا کی غلط معلومات کا مقابلہ کرنے اور شہری صحافت اور سوشل میڈیا کے ذریعے بیداری پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔
ایک دل کو چھونے والے اشارے میں انس الشریف نے اعلان کیا کہ یہ ایوارڈ ان کے شہید والد کی روح کے لیے وقف ہے، جن کی شہادت کو آج ایک سال ہوگیا ہے۔
انس الشریف نے غزہ پر نسل کشی کی جنگ کے آغاز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے صفحات پر جارحیت کی ویڈیو کلپس اور تصاویر شائع کرنا شروع کیں اور بعد میں الجزیرہ کے نامہ نگار کے طور پر کام کرنے لگے۔
الشریف کو قابض افواج نے اپنا کام بند کرنے کی دھمکیاں دی تھیں، ان کے والد کو گھر پر بمباری میں شہید کیا گیا۔