اسرائیلی پارلیمان کی خاتون رکن حنین زعبی کو محصورین غزہ کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے غزہ کی جانب جانے والے امدادی قافلے فریڈم فلوٹیلا میں شرکت کی پاداش میں تین پارلیمانی اعزازات سے محروم کر دیا گیا، اسرائیلی کنیسٹ کی خصوصی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق زعبی کو پاسپورٹ سروسز کے استعمال، بلا اجازت بیرون ملک سفر کے حق اور سول کورٹ کے مقدمات میں عدالتی اخراجات کی سہولیات سے محروم ہونا پڑے گا۔ واضح رہے کہ حنین زعبی کو امتیازات سے محروم کرنے والی کمیٹی نے یہ فیصلہ ایک کے مقابلے میں سات افراد کی اکثریت کی رائے سے کیا ہے۔ کمیٹی کی کارروائی پیر کے روز صبح سے دوپہر تک جاری رہی۔ اسرائیلی کنیسٹ کے تمام عرب اراکین اتوار کے روز سے ہی اس کمیٹی کا بائیکاٹ کر چکے تھے ان اراکین کے بائیکاٹ کا سبب کمیٹی کے سربراہ کی جانب سے حنین زعبی کا ایک بیان پڑھ کر سنایا جانا تھا، اس بیان میں نیشنل ڈیموکریٹ الائنس سے تعلق رکھنے والی زعبی نے کہا تھا کہ وہ کنیسٹ میں فلسطینی قوم کی نمائندہ ہے۔