ملائشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی ننگی بربریت کے خلاف صہیونی قیادت کا عالمی عدالت انصاف میں ٹرائل کا مطالبہ کیا ہے. انہوں نے صہیونی حکمرانوں کو ’’ عالمی گینگسٹر‘‘ قرار دیا۔ رزاق نے پارلیمان کو کہا کہ ملائشیا اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل سے مطالبہ کرے گا کہ وہ صہیونی جارحیت کی مذمت کرے اور اس حملے کے ذمے داروں کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں ٹرائل کروائے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا اس سے قبل بھی اقوام متحدہ سے صہیونی ریاست پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی کمانڈوز نے فریڈم فلوٹیلا پر سوار امن کارکنوں پر انتہائی قریب سے گولیاں برسائیں، صہیونی فوجیوں نے رضاکاروں کی پیٹھ پر گولیاں برسا کر بزدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ اس طرح کی بربریت سے یہ بات ثابت ہوتا ہے کہ اسرائیل میں عالمی گینگسٹر بس رہے ہیں اور ان کو عالمی حمایت بھی حاصل ہے۔‘‘ اس موقع پر ملائشیا کے تمام اراکین پارلیمنٹ نے متفقہ طور پراسرائیل کے خلاف قرارداد مذمت منظور کی۔ ملائشیا کے وزیر خارجہ حنیفہ امام طلب سکیورٹی کونسل سے صہیونی ریاست کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی اپیل کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب ساری دنیا، یورپی ممالک نے اس سانحے پر انتہائی جارحانہ بیان دیے ہیں جبکہ اقوام متحدہ کی جانب سے انتہائی کمزور ردعمل سامنے آیا ہے۔