روم (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اطالوی وزیر خارجہ انتونیو طیانی نے کہا ہے کہ جی7 ممالک گذشتہ ہفتے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی طرف سے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے خلاف جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری کے حوالے سے متفقہ موقف اختیار کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “ہمیں اس معاملے پر متحد ہونے کی ضرورت ہے”۔ طیانی نے G7 وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس کے پہلے ورکنگ سیشن کی میزبانی کے بعد پیر کو مزید کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم اور سابق وزیر دفاع کی گرفتاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
گروپ کے ممالک میں سے ایک امریکہ نے عدالت کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا جسے امریکی صدر جو بائیڈن نے اشتعال انگیز قرار دیا۔
آئی سی سی کے فیصلے پر بہ ظاہر منقسم مخلوط حکومت کے رکن طیانی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جی 7 متحد ہو جائیں۔
طیانی نے مزید کہا کہ “ہم نے اس بارے میں بات کی ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ کیا ہم اس معاملے سے متعلق حتمی بیان میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ہم ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے کام کر رہے ہیں”۔
گذشتہ جمعرات کو بین الاقوامی فوجداری عدالت نے غزہ تنازعے میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب کے الزام میں نیتن یاہو اور ان کے برطرف وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔