نيویارک (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’انروا‘ کی ترجمان لوئز ووٹریڈگ نے کہا ہے کہ غزہ پر 13ماہ سے مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ کے دوران محصورین غزہ کو فراہم کی جانے والی امداد ناکافی ہے۔
’انروا‘ کی ترجمان نے کہا کہ سادہ الفاظ میں کہا جائے تو غزہ میں آبادی کو ملنے والی امداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ حالیہ چند ہفتوں کے دوران غزہ کی پٹی میں امداد کی فراہمی مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔
غزہ کی صورت حال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سے ہر روز بھوکے لوگ روٹی مانگتے ہیں اور وہ پانی کے حصول کی ناکام کوششیں کرتے ہیں۔
انروا کی ترجمان نے زور دیا کہ غزہ کی پٹی میں شہریوں کی معاشی حالت ناقابل بیان ہے۔
حالیہ ایام میں عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ نے باضابطہ طور پر بالعموم پورے غزہ کے علاقے بالخصوص شمالی غزہ میں قحط کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔