عرب پارلیمانی اتحاد رفح کراسنگ عبور کر کے غزہ کی پٹی پہنچ گیا۔ 15 لاکھ محصورین غزہ کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے آنے والے اس وفد میں 30 اراکین پارلیمان شامل ہیں۔ ھدی بن عامر کی قیادت میں یہ وفد چھ گھنٹے غزہ میں گزار کر واپس چلا جائے گا۔ فلسطینی مجلس قانون ساز کے ڈپٹی اسپیکر اور پارلیمان میں اصلاح و تغییر بلاک کے رکن احمد بحر نے وفد کا استقبال کیا۔ فلسطینی حکومت کے دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر وفد کو خوش آمدید کہنے کے لیے موجود تھےجن میں محاصرہ مخالف کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر احمد یوسف، وزارت خارجہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈاکٹر خلیل ابو لیلہ اور کراسنگز اینڈ بارڈرز کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر غازی حمد سرفہرست تھے۔ واضح رہے کہ عرب پارلیمان کا وفد جون 2007 ء کو بھی غزہ کا دورہ کر چکا ہے۔یہ وفد فلسطینی آئینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ سے ملنے کے بعد فلسطینی جماعتوں اور قیدیوں کے خاندانوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کرے گا۔ آخر میں وفد غزہ کی بندرگاہ پر آزادی کی یادگار کا افتتاح کرے گا۔ وفد قیدیوں کے اہل خانہ اور قیدیوں کے امور کے وزیر سے بھی ملاقات کریں گے۔