بیروت (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے مسلسل 36ویں روز بھی لبنان کے خلاف اپنی خونریز جارحیت جاری رکھتے ہوئے متعدد سرحدی دیہاتوں پر مزید فضائی حملے، توپ خانے سے گولہ باری اور زمینی دراندازی کی۔
لبنان کی قومی ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی لبنان کے شہر صور میں رامل محلے میں ایک مکان کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں تین شہری شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ آٹھ اکتوبر 2023ء کو ملک کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک 2,672 شہری شہید اور 12,468 لبنانی شہری زخمی ہو چکے ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے لبنان کے خلاف جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک 168 طبی عملے کے کارکن شہید اور 275 کو زخمی کیا ہے۔
وزارت صحت نے بتایا ہے کہ کل اتوارکو لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 14 شہری شہید اور 39 زخمی ہوئے۔
کل اتوار کو دو اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جنوب میں حارہ صیدا اور برج الشمالی قصبوں پر حملہ ہوا۔ جبکہ برج الشمالی گاؤں پر اسرائیلی حملے کی وجہ سے پانچ شہید ہوئے۔
پیر کی صبح قابض فوج کے جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبے زبقین اور صور شہر اور جمہوریہ کے مشرق میں وادی بیقا میں واقع شمسطار قصبے پر فضائی حملے کیے۔