مڈريد (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچز نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی بند کرے۔
روم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں سانچز نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے تناظر میں عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی حکومت کو اسلحہ کی سپلائی روکے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بار بار عالمی برادری کی توجہ مشرق وسطیٰ بالخصوص غزہ اور لبنان کے سانحے کی طرف دلاتے ہیں۔ انہوں نے لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج پر اسرائیلی فوج کی طرف سے کیے گئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی امن فوج کو تحفظ فراہم کرنے پر زور دیا۔
سانچزنے کہا کہ اسپین نے اکتوبر 2023ء سے اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت بند کردی تھی۔ ہم خطے کے ممالک اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے آئےہیں کہ وہ صہیونی ریاست کو اسلحہ کی فراہمی روکے۔
انہوں نے خبردارکیا کہ اگراسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی نہ روکی گئی تو پورا خطہ جنگ کی آگ میں جلنے لگے گا۔
خیال رہے کہ غزہ میں امریکی اور مغربی ممالک کی معاونت سے 371 روز سے جنگ جاری ہے جس میں بڑی تعداد میں شہریوں کو شہید کیا گیا ہے۔ بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا گیا ہے اور لوگوں کے گھروں کو ان کے لیے قبرستان بنا دیا گیا ہے۔