دی ہیگ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جمعرات کو ہالینڈ میں سول سروس کے ملازمین اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے غزہ کی پٹی میں نسل کشی کو مسترد کرنے اور ایک سال سے جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر وزارت خارجہ کی عمارت کے سامنے دھرنا دیا۔
مظاہرین نے ڈچ حکومت کی اسرائیل کی حمایت کی پالیسی کی مذمت کی اور اپنی پالیسی تبدیل کرنے پر زور دیا۔
دھرنا دینے اور احتجاج کرنے والے مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کے ساتھ اسرائیلی ریاست کی مدد ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ سرکاری ملازمین گذشتہ اکتوبر سے ہر جمعرات کو کھانے کے وقفے کے دوران وزارت خارجہ کی عمارت کے سامنے دھرنا دیتے ہیں۔
مختلف وزارتوں میں سرکاری ملازمین کی جانب سے منعقد کیے جانے والے اس پروگرام کو ہالینڈ کے سابق سفیروں، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد اور وکلاء کی حمایت بھی حاصل ہے۔
دھرنے میں شریک خواتین ملازمین میں سے ایک جس نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ “بدقسمتی سے میں اور میرے کئی ساتھی سرکاری ملازمین اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ہمارے آئین کے مطابق کام کرے”۔
ملازم نے مزید کہا کہ “انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس نے جنوری میں ایک بہت واضح فیصلہ دیا، جس کا مطلب ہے کہ ہماری حکومت کو نسل کشی کو روکنے کے لیے اپنی طاقت میں ہر ممکن اقدام کرنا چاہیے”۔