فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت عالمی دہشت گردی ہے،اقوام متحدہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کرے ،ان خیالات کااظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اسلام آبادکے ڈویژنل رہنما محمد علی نے انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مظاہرے میں سینکڑوں طلباء نے شرکت کی ،طلباء نے ہاتھوں میں امریکا مردہ باد ،اسرائیل نامنظور،طلعت حسین زندہ باد اور اسرائیل عالم انسانیت کے لئے خطرہ ہے کہ پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اسلام آباد کے رہنما محمد علی کا کہنا تھا کہ طلعت حسین،رضا آغا اور ندیم احمد نے پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ،پاکستان کی عوام اور طلباء برادری طلعت حسین اور دیگر کو سلام پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فی الفور پاکستان میں موجود امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرے اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے عالمی دہشت گردی کا نوٹس لے،ان کا کہنا تھا کہ مسلم امہ متحد ہو جائے اور تحفظ الاقصیٰ سمیت قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لئے اسرائیل کے خلاف بر سر پیکار ہو جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام خود اسرائیل دہشت گردی کا شکار ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ امریکی کاسہ لیسی کو ترک کر کے نہتے فلسطینی عوام کی ہر سطھ پر اخلاقی اور سیاسی حمایت کی جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائیوں کا ذمہ دار بھی صرف اور صرف امریکا اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل ہی ہے۔اس موقع پر طلباء نے امریکامردہ باد اور اسرائیل نا منظور کے فلک شگاف نعرے لگائے،اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام اور دیگر طلباء تنظیموں کے رہنما بھی موجود تھے،بعد ازاں مظاہرین نے امریکی اور اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے۔