شام نے عرب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ محاصرہ ختم کرانے کیلئے عملی اقدامات کریں اور اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات منقطع کرلیں۔ اس بات کا اظہار عرب لیگ کے منعقدہ اجلاس میں شام کے نمائندے یوسف احمد نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈھیٹ بے شرمی کے ساتھ اسرائیل نے دنیا کی نظروں کے سامنے ،آزادی بحری بیڑے،جس میں نہتے لوگ سوار تھے اور جن کا واحد مقصد غزہ محاصرہ ختم کرنا تھا ،پر حملہ کرکے رہزنی اور قذاقی کی بدترین مثال قائم کی۔ یوسف احمد نے کہا کہ یہ واقعہ عرب اسرائیل لڑائی میں ایک ٹرننگ پوائینٹ کی حیثیت رکھتا ہے ۔اس بد ترین نوعیت کی دہشت گردی کو قانونی اور آئینی طریقے سے عالمی سطح پر اٹھانے کی ضرورت ہے۔ شامی نمائندے نے کہا کہ اسرائیل نے جو کچھ بھی کیا وہ دنیا کے سامنے ہے، دہشت گردی ، قذاقی اور قتل عام کر کے اپنا چہرہ بے نقاب کیا ہے اور ہماری پوزیشن اس بارے میں اب واضح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین کی روشنی میں اس جرم کی تمام تفصیلات حاصل کر کے، بھر پور تیاری کے ساتھ ہمیں اسرائیلی حکمرانوں کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ دائر کرنا چاہئے۔