غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) غاصب صیہونی فوج نے امریکی اور مغربی ممالک کی فوجی مدد سے غزہ کی پٹی میں نسلی کشی کی بھیانک مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ آج گیارہ ستمبربدھ کے روز فلسطینیوں کی نسل کشی کا مسلسل 341 واں روز ہے۔
قابض فوج نے آج بدھ کو غزہ میں جنگی طیاروں اور توپ خانے سے مزید وحشیانہ حملے کیے ہیں جن میں مزید درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
ہمارے نامہ نگاروں نے اطلاع دی ہے کہ قابض طیاروں اور توپ خانوں نے آج بدھ کے روز غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں بمباری کی جس میں گھروں، بے گھر افراد کی پناہ گاہوں اور سڑکوں پر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا، جس میں درجنوں شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
نامہ نگاروں کے مطابق وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات کے بلاک سی کے علاقے میں “ابو عطوی” خاندان کے گھر پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
خان یونس کے مشرق میں واقع قصبہ خزاعہ میں القرا خاندان کے ایک گھر پر قابض فوج کی بمباری کے بعد دو خواتین اور آٹھ بچوں سمیت 11 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے اور لاپتہ ہیں۔
شہید ہونے والوں میں محمد حمدان القارا، ان کی اہلیہ مہا طلال ابو رعدہ اور ان کے بچے بھی شامل ہیں۔
مواسی خان یونس کے بالمقابل سمندر میں قابض فوج کی کشتیوں کی فائرنگ سے ایک ماہی گیر شہید ہوگیا۔
قابض فوج کے طیاروں کی جانب سے وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات کیمپ میں ابو عطوی خاندان کے گھر پر بمباری کے نتیجے میں 4 شہری شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔