غزہ کی پٹی کے جنوبی ضلع خان یونس میں فلسطینی مزاحمت کار اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہو گئے ہیں۔ عبرانی ریڈیو کے اعلان کے مطابق گزشتہ روز 19 سالہ عبدالرحمن عمر عبد الحمید الاسطل اور 19 سالہ حمادہ امین محمد شھوان اسرائیلی جارحیت کا شکار ہو گئے۔ عبرانی ریڈیو کے مطابق الاسطل اور شھوان نے شہر کے مشرقی حصے کی باڑ سے گزر کر اسرائیل میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ فلسطینی وزارت صحت میں شعبہ حادثات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معاویہ حسنین نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ قابض اسرائیل نے علی الصبح خان یونس کے مشرقی علاقے فراحین میں فلسطینیوں کے گھروں پر بمباری شروع کر دی۔ ساتھ ہی اپاچی جنگی جہازوں اور اسرائیلی فوجی گاڑیوں سے زبردست فائرنگ کی گئی۔ حسنین نے واضح کیا کہ وزارت صحت کو مکان کے اندر کسی کے زخمی یا شہید ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ طبی عملے نے مکان میں جا کر صہیونی فرسٹ ایڈ کا مشاہدہ کیا جس سے واضح ہوتا ہے کہ صہیونی فوج کو فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس ضمن میں مشرقی خان یونس میں ہمارے نمائندے نے بتایا کہ صبح کئی گھنٹے فلسطینیوں کے گھروں پر بمباری جاری رہی۔ فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فوج کے مابین زبردست جھڑپیں ہوئی ہیں۔