غزہ – فلسطین فائونڈیشن پاکستان قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی خاندانوں کے خلاف تین نئے اجتماعی قتل عام کیے ہیں، جن کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے منگل کے روز ایک پریس رپورٹ میں بتایا کہ غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 100 شہداء اور زخمیوں کو لائے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی فوج کی بمباری میں 33 شہری شہید اور 67 زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا کہ سات اکتوبر 2023ء سے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوجی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد 40,819 ہو گئی ہے، جبکہ 94,291 افراد مختلف زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت نے کہا کہ بہت سے زخمی اب بھی ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر ہیں، جہاں ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک نہیں پہنچ سکتا۔
خیال رہے کہ سات اکتوبر 2023ء سے اسرائیلی قابض افواج غزہ کی پٹی پر تباہ کن جنگ کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار معصوم شہری شہید، زخمی اور لاپتہ ہو چکے ہیں، جبکہ 20 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کا 70 فیصد سے زیادہ تباہ ہو چکا ہے اور غزہ کی سخت ناکہ بندی اور مسلسل جنگ کے باعث یہ گنجان آباد علاقہ قحط کی لپیٹ میں ہے۔
ادویات، پانی اور خوراک کی قلت کے باعث بچوں اور دیگر شہریوں کی اموات کی خبریں آئے روز سامنے آ رہی ہیں۔ دوسری جانب، اسرائیلی ریاست نے جنگ بندی کی تمام کوششیں ناکام بنا دی ہیں اور وہ غزہ میں فلسطینیوں کی منظم اور مسلسل نسل کشی پر پوری ڈھٹائی کے ساتھ قائم ہے۔