Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

سلامتی کونسل کا غزہ میں پولیو ویکسین مہم جلد مکمل کرنے پر زور

نیو یارک – فلسطین فائونڈیشن پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ کی پٹی میں پولیو وائرس کے ابھرنے کے خطرات پر غور کرتے ہوئے غزہ میں پولیو ویکسینیشن مہم کو فوری طور پر مکمل کرنے پر زور دیا ہے۔

کونسل کے متعدد مندوبین نے اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں پر بمباری کی شدید مذمت کی اور انسانی تباہی سے بچنے کے لیے پولیو کے قطرے پلانے کی مہم تیز کرنے پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کی قائم مقام انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور جوائس مسویا نے سیشن کو اپنی بریفنگ میں کہا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری بھوکے، پیاسے، بیمار اور بے گھر ہیں۔ غزہ میں بسنے والے شہری ایک نئے انسانی بحران میں گھر چکے ہیں اور انہیں حالات اور جنگ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

مسویا نے کہا کہ “گذشتہ 11 مہینوں میں ہم نے جو کچھ دیکھا ہے اور آج بھی دیکھ رہے ہیں، اس سے بین الاقوامی قانونی نظام کے لیے دنیا کی وابستگی کے بارے میں سوالات اٹھتے ہیں، جو ان سانحات کو روکنے کے لیے بنایا گیا تھا۔” یہ ہمیں پوچھنے پر مجبور کرتا ہے، ہماری بنیادی انسانیت کا کیا ہوا ہے؟

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مائیک ریان نے اس موقع پر زور دے کر کہا کہ غزہ میں پولیو کا پھیلنا اس بات کی واضح یاد دہانی ہے کہ ایسے علاقوں میں جہاں صحت کے نظام کو خطرہ لاحق ہے، متعدی بیماریاں کتنی جلدی ظاہر ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کونسل کو اپنی ویڈیو بریفنگ میں مزید کہا کہ بہت سی دوسری بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں، جبکہ ان کی روک تھام، پتہ لگانے اور ان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی ہماری اجتماعی صلاحیتیں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔

سلامتی کونسل میں برطانوی مندوب جیمز کیریوکی نے کہا کہ اسرائیلی انخلاء کے احکامات اور محفوظ مقامات کی کمی پٹی میں افراتفری کا باعث بن رہی ہے۔

کیریوکی نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں پولیو کے انفیکشن کی واپسی ایک المیہ ہے جس سے بچا جا سکتا ہے۔

سلامتی کونسل میں سوئس مندوب نے غزہ میں پولیو کی ویکسینیشن مہم کو مکمل طور پر نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زوردیا کہ غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال دن بہ دن ابتر ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے انخلاء کے احکامات میں اضافے کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سلامتی کونسل میں چین کے مندوب جینگ چوانگ نے اسرائیل پر غزہ کی پٹی میں اقوام متحدہ کی ٹیموں کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کارروائی کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ غزہ جیسے قتل عام کو مغربی کنارے میں ہونے سے روکا جائے۔

چوانگ نے کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کا اضافہ کر رہا ہے اور گھر گھر تلاشی، گرفتاریوں اور حملوں کا ظالمانہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan