غزہ – فلسطین فائونڈیشن پاکستان غاصب صیہونی فوج نے امریکی اور مغربی ممالک کی فوجی مدد سے غزہ کی پٹی میں نسلی کشی کی بھیانک مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ آج، 28 اگست بدھ کے روز، فلسطینیوں کی نسل کشی کا مسلسل 327 واں دن ہے۔ قابض فوج نے آج غزہ میں جنگی طیاروں اور توپ خانے سے مزید وحشیانہ حملے کیے ہیں جن میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
ہمارے نامہ نگاروں نے اطلاع دی ہے کہ قابض طیاروں اور توپ خانوں نے آج ہفتے کے روز غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں بمباری کی۔ اس بمباری میں گھروں، بے گھر افراد کی پناہ گاہوں اور سڑکوں پر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں درجنوں شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
قابض فوج نے رفح، جنوبی غزہ کے شہر خان یونس، اور وسطی غزہ میں دیر البلح میں تازہ قتل عام کیے ہیں۔ ان واقعات میں کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی بمباری میں مسجد بلال بن رباح کے اطراف میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
خان یونس میں ہلال احمر کے مرکز کے باہر بمباری میں دو فلسطینی شہید ہو گئے۔
الاقصیٰ شہداء ہسپتال کے قریب دیر البلح میں المنفلوطی اسکول کے سامنے شہریوں کے ایک گروپ پر قابض فوج کے طیاروں کی بمباری سے 8 شہری شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔
غزہ شہر کے جنوب مشرق میں الزیتون محلے میں ایک گھر پر اسرائیلی بمباری میں ایک شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں خاندانوں کے خلاف 4 قتل عام کیے جن کے نتیجے میں 58 شہید اور 131 زخمی ہوگئے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ گذشتہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی جارحیت میں 40,534 فلسطینی شہید اور 93,778 زخمی ہوئے ہیں۔
وسطی غزہ کی پٹی میں الزاویدہ قصبے کے داخلی راستے کے قریب ایک عام شہری کی گاڑی پر اسرائیلی بمباری میں تین شہری شہید اور دو زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو دیر البلح میں الاقصیٰ شہداء ہسپتال لے جایا گیا۔
قابض طیاروں نے وسطی غزہ کی پٹی میں الزوائدہ کے علاقے پر فضائی حملے کیے ہیں۔
طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی پر کل رات اور آج صبح جاری قابض فوج کی بمباری میں 17 شہری شہید اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ آج صبح سے لے کر اب تک تین فضائی حملوں میں 10 شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے جن میں خان یونس کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔